پاک بحریہ کا زمین سے فضا میں مار کرنیوالے میزائلوں کی فائرنگ کا مظاہرہ

397
 کراچی:پاک بحریہ کے اہلکار زمین سے فضاء میں مار کرنیوالے میزائل کا تجربہ کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاک بحریہ کے ائر ڈیفنس یونٹس نے کراچی میں فضائی دفاع کے زمینی نظام

(GBAD) کے ذریعے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں (SAMs) کی کامیاب فائرنگ کرتے ہوئے حربی تیاری اور جنگی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنر (نیوی) کے مطابق امیرالبحر کو پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور زمین سے فضا میں مارکرنے والے میزائلوں کی شمولیت سے دفاعی صلاحیت میں اضافے کے لیے جاری پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور افسروں اور جوانوں کے انتھک عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف نے سیل بٹالین ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں اسپیشل سروس گروپ نیوی نے مختلف ٹیکٹیکل مشقوں کے ساتھ فائر پاور کا مظاہرہ کیا ۔قبل ازیں چیف آف دی نیول اسٹاف نے کریکس میں تعینات پاک بحریہ کے دستوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کریکس ایریا کا دورہ بھی کیا۔ امیر البحر نے افسروں اور جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کیلیے بہترین خدمات پیش کرنے پر سراہا۔نیول چیف نے یقین دلایا کہ پاک بحریہ ملک کے خلاف کسی بھی ناپاک منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔