سراج درانی کی پروڈکشن آرڈر پر اسمبلی آمد، اجلاس کی صدارت

142

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ اسمبلی قوانین کے مطابق چلتی ہے کسی کو اعتراض ہے تو عدالت سے رجوع کیا جانا چاہیے، انہوں نے اپنے کیسز پر بات کرنے سے انکار کر دیا۔اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی فنانس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پروڈکشن آرڈرز پر سندھ اسمبلی پہنچے اور اجلاس کی صدارت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ وہ کیس سے متعلق ابھی کچھ بھی نہیں کہہ سکتے اور نہ کورٹ کے خلاف میں کوئی بات کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ اسمبلی چلانے کا آئینی طریقہ کار ہے اسی پر چلتے ہیں، اگر اپوزیشن کو اعتراض ہے تو عدالتوں میں جائیں۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ جب ہم نے کمیٹیوں کے الیکشن کرائے تو اپوزیشن نے شرکت نہیں کی، اب ان کے کمیٹیوں کے حوالے سے اعتراضات درست نہیں۔بلدیاتی ایکٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سراج درانی کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایکٹ ابھی پڑھا نہیں ہے۔