بحران پیدا کرنے والوں پر ہاتھ ڈالیں گے،شیخ رشید

114

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں بحران پیدا کرنے والوں پر ہاتھ ڈالیںگے‘ اگر نواز شریف وطن واپس آنا چاہتے ہیں تو ان کو24 گھنٹے میں تمام مطلوبہ دستاویزات گھر پر فراہم کریں گے‘ ای پاسپورٹ شروع کیا جا رہا ہے‘191ممالک کو آن لائن پاسپورٹ کی سہولت دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں مختلف نئے اقدامات کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ 100 دنوں میں ای پاسپورٹ پاکستان میں شروع ہو جائے اور آئندہ سال کے آغاز پر ای پاسپورٹ کی سہولت مل سکے‘ ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں منی لانڈرنگ اور ڈالر بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے‘ ملک کی بدنامی کا باعث بننے والوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا‘ رانا شمیم کا نام پی این آئی ایل میں ڈال دیا ہے اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے، جس کے لیے وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوگا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم23 کے بجائے30 مارچ کو احتجا ج کر لے کیونکہ23 مارچ کی تیاری اور پریڈ کے حوالے سے جی ٹی روڈ پر نقل و حمل ہوتی ہے ‘ میں نہیں چاہتا کہ اس حوالے سے کو ئی شکایت پیدا ہو‘ پی ڈی ایم نے کمپنی کی مشہوری کے لیے 4 ماہ کا ٹائم دیا ہے‘ اپوزیشن صحیح طریقے سے تحریک چلانے کا انتخاب نہیں کرسکی جس سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو افغانستان میں انسانی بحران اور وہاں بھوک کے مسائل سے آگاہی ہے۔