افغانستان کا بحران شدت اختیار کررہا ہے،فواد چوہدری

333

اسلام آباد (آن لائن/ صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ افغانستان میں انسانی المیہ بڑھ رہا ہے‘ سرد موسم میں افغانستان کے لوگ بدترین انسانی بحران سے دوچار ہیں۔ سعودی سفارت خانہ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ 19 دسمبر کو او آئی سی وزرا خارجہ کانفرنس میں افغانستان کے اندر انسانی المیہ کی صورتحال پر توجہ مرکوز کی جائے گی‘ ہماری کوشش ہے کہ سعودی عرب سمیت دیگر برادر ممالک کے ساتھ مل کر ایسا میکنزم تشکیل دیا جائے جس سے افغانستان کے لوگوں کی مدد کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے‘ ہم 2 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم افغانستان کو فراہم کر رہے ہیں‘ افغانستان سے درآمد کی جانے والی 40 اشیا پر ڈیوٹی ختم کی ہے، اس اقدام سے افغانستان کے کاروباری افراد کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونے میں مدد ملے گی‘ دنیا افغانستان کی مدد کے لیے مل بیٹھے، بصورت دیگر افغانستان میں پیدا ہونے والا بحران شدت اختیار کر سکتا ہے۔ علاوہ ازیںوفا قی وزیر فواد چودھری نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی نئے سروے رپورٹ کے مطابق پولیس اور عدلیہ کے بارے میں کرپشن کا تاثر سب سے بڑھ کر ہے‘جو چیف جسٹس آف پاکستان اور سینئر جج صاحبان کے لیے لمحہ فکر ہونا چاہیے خصوصاً جب کہ ہماری عدلیہ کی تنخواہیں اس خطے میں سب سے زیادہ ہیں ‘یہی معاملہ پولیس کا بھی ہے۔