تخفیف اسلحہ پر پاکستان کی 4قراردادوں کی بھاری اکثریت سے منظوری

296

اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے تخفیف اسلحہ سے متعلق پاکستان کی پیش کردہ4 قراردادوں کی بھاری اکثریت سے منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد خطے اور عالمی امن کو مضبوط بنانا ہے۔ قبل ازیں اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ اور عالمی سلامتی امور کی پہلی کمیٹی نے ان قراردادوں کے مسودے پر اپنی سفارشات دی تھیں۔ ان قراردادوں میں3 قراردادیں علاقائی سطح پر تخفیف اسلحہ، علاقائی اور ذیلی علاقائی سطحوں پر روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول کے ساتھ علاقائی اور ذیلی علاقائی تناظر میں اعتماد سازی کے اقدامات سی بی ایمز جبکہ چوتھی قرارداد جوہری ہتھیار نہ رکھنے والی ریاستوں کے لیے سیکورٹی کو یقین بنانے سے متعلق تھی۔ جوہری ہتھیاروں کا استعمال اور اس کے خطرات سے غیر جوہری ریاستوں کے تحفظ کے لیے موثر عالمی اقدامات کو یقینی بنانا کے عنوان پر مبنی قراداد کی حمایت میں126 ووٹ پڑے، مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں جبکہ59 رکن ریاستوں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔