جے آئی یوتھ کے رہنماافراز ابدالی روڈ ایکسیڈنٹ میں جاں بحق

248

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی یوتھ ونگ علاقہ رفاہ عام کے جنرل سیکرٹری افراز ابدالی ولد سلیم ابدالی دفتر سے گھر جاتے ہوئے روڈ ایکسیڈنٹ میں جاں بحق ہوگئے ، نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی امامت میں مصطفی پارک گلستان رفیع ملیر علاقہ رفاہ عام میں ادا کی گئی جبکہ تدفین جامعہ ملیہ قبرستان میں کی گئی ۔ نماز جنازہ میں نائب امیرجماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، سیکرٹری کراچی منعم ظفر ،امیر ضلع ائرپورٹ توفیق الدین صدیقی ، ضلعی ذمے داران ،اہل علاقہ ،رشتے دار اور دوست واحباب نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔حافظ نعیم الرحمن نے نماز جنازہ کے بعد مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور شرکا جنازہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ افراز ابدالی جماعت اسلامی کے متحرک کارکن تھے جو ناگہانی حادثے کا شکار ہو گئے ،بد قسمتی سے حکمرانوں کی نااہلی و ناقص کارکردگی کی وجہ سے گزشتہ کئی دنوں سے ٹریفک حادثات رونما ہورہے ہیں،حکومت کی جانب سے 3 کروڑ سے زاید شہریوں کے لیے ٹرانسپورٹ سسٹم موجود نہیں ہے ، یہی وجہ ہے کہ نوجوان طبقہ موٹر سائیکل پر سفر کرنے پر مجبور ہے ، واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جماعت کے کارکن قاضی تیمور بھی ٹریفک حادثے میں شہید ہوگئے تھے ۔