ڈی جی رینجرز سندھ کی زیر صدارت کراچی کی سیکورٹی پر اجلاس

105

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل افتخار حسن چودھری کی زیر صدارت شہر کی سیکورٹی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، جوائنٹ ڈی جی آئی بی، ڈی آئی جیز (ایسٹ، ساؤتھ، ویسٹ، سی آئی اے اور ٹریفک) پولیس، رینجرزاور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق اجلاس کے دوران شہر کی سیکورٹی صورتحال بالخصوص بڑھتے ہوئے جرائم کا جائزہ لیا گیا۔ مزید برآں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق ہونے والے انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی رینجرز (سندھ) کی جانب سے بڑھتے ہوئے جرائم کے سدباب کے لیے مربوط حکمتِ عملی پر زور دیاگیا اور سیریز کے دوران سیکورٹی کو فول پروف بنانے اور کسی بھی قسم کی دہشتگردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے رینجرز، پولیس اور دیگرلا انفورسمنٹ ایجنسیز کی جانب سے مشترکہ لائحہ عمل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ کسی بھی شرپسند عناصر،مشکوک سرگرمی اور نا خو ش گوار واقعے کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار،رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر، رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔