ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کا آج وزیر اعلیٰ ہائوس کے گھیرائوکا اعلان

146

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری عبدالقیوم بھٹی نے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے میں اعلان کیاہے کہ آج 3 بجے حیدر آباد سے آئے ہوئے سیکڑوں ملازمین وزیر اعلیٰ ہائوس کا گھیرائو کریںگے۔گھیرائو سے قبل تمام مطالبات منظور کیے جائیں۔ ڈیلی ویجز اور ایڈہاک ملازمین کو بھی بھرتی لیٹر دیے جائیں۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا کہ ایچ ڈی اے ملازمین کو 11ماہ سے تنخواہ نہ دینا ظلم اورانسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔پیپلز پارٹی مزدور دشمنی بند کرے۔ ایچ ڈی اے کے محنت کشوں کے مطالبات منظور کیے جائیں۔مہنگائی کے اس طوفان میں تنخواہوں کی محرومی کی وجہ سے سیکڑوں خاندان فاقہ کشی کا شکار ہیں ۔یہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ اس جمہوری دور میں بھی لوگوںکو اپنے جائزحق کے لیے دھرنا دینا پڑ رہا ہے۔اس موقع پرجماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر اسامہ بن رضی ،این ایل ایف سندھ کے جنرل سیکرٹری شکیل احمد شیخ،شاہد ایوب خان،خالد خان ،قاسم جمال،نیاز چانڈیو، دلاور ملاح،حاجی نصیر ودیگر نے بھی خطاب کیاجبکہ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے مظاہرین سے ٹیلی فونک خطاب کیا۔