اسکاؤٹنگ کے فروغ کیلیے اقدامات کریںگے، چیف سیکرٹری سندھ

245

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی اسکاؤٹ کمشنر و چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ 20دسمبر سے کراچی میں 8ویں سندھ اسکاؤٹس کیمپوری 2021ء منعقد ہو رہی ہے جسے ہم سب نے مل کر کامیابی سے ہمکنار کرنا ہے۔ طویل عرصہ کے بعد یہ کیمپوری منعقد ہورہی ہے کیونکہ کورونا کے باعث دنیا کی طرح پاکستان میں بھی اسکاؤٹس سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محمد صدیق میمن اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں منعقدہ سندھ بھر کے اسکاؤٹس سیکرٹریز کی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق صوبے بھر میں اسکاؤٹنگ کے فروغ کیلیے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں چیف سیکرٹری نے تمام کمشنر ز اور ضلعی ڈپٹی کمشنرزکو ہدایت کی کہ وہ تمام ضلعی اسکاؤٹس ایسوسی ایشنز کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں۔ اجلاس میں سیکرٹری ایجوکیشن غلام اکبر لغاری، ایڈیشنل سیکرٹری کالجز غلام مرتضیٰ ، جسٹس (ر) حسن فیروز ، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن حیدرآباد سید رسول بخش شاہ اور دیگر موجود تھے۔ اس سے قبل انہوں نے سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں نظامت کے فرائض صوبائی اسکاؤٹس سیکرٹری سید اختر میر نے انجام دیے۔