کورکمانڈرز کانفرنس،سانحہ سیالکوٹ کا نوٹس ،ایسے عناصر سے کوئی سمجھوتا نہ کرنے کا عزم

488
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کا اجلاس ہو رہا ہے

راولپنڈی(خبرایجنسیاں) کور کمانڈر کانفرنس نے سانحہ سیالکوٹ کا نوٹس لیتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 2روزہ کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہونے والی 245 ویں کور کمانڈر کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ افسوسناک واقعہ ہے،سری لنکن شہری کے قتل کے جیسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔شرکا نے اتفاق کیا کہ سیالکوٹ جیسے واقعات پر زیرو ٹالرنس سے ملک میں انتہا پسندی اور دہشت گردی ختم کی جا سکتی ہے۔کورکمانڈر کانفرنس میں عالمی، علاقائی اور داخلی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے سرحدوں پر کیے گئے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے پر زور دیا۔ جنرل باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں انسانی المیے سے بچنے کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت ہے، افغانستان میں امن واستحکام کے لیے عالمی تعاون جاری رہنا چاہیے کیونکہ افغانستان میں استحکام سے خطے میں استحکام آئے گا۔آرمی چیف نے فوج کی تربیتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاری تربیتی عمل اور ڈاکٹرائن کے جائزے سے کسی بھی ابھرتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے میں مدد ملتی ہے، مستقبل کے میدان جنگ میں ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھ رہا ہے۔