بھارتی ہیلی کاپٹر تباہ،جنرل راوت سمیت 13 ہلاک

335

نئی دہلی/راولپنڈی(خبرایجنسیاں) بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر تامل ناڈو میں گرکرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں جنرل بپن راوت سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے۔ مارے جانے والوں میں جنرل بپن راوت کی اہلیہ بھی شامل ہیں۔بھارتی فضائیہکے مطابق روسی ساختہ ایم آئی 17 وی فائیو ہیلی کاپٹر میں بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 14 افراد سوارتھے۔ 11 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ 3زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جن میں سے 2 نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ بھارتی فضائیہ کے مطابق صرف ایک شخص کو زخمی حالت میں ریسکیو کیا گیا ہے۔زخمی شخص کی شناخت بھارتی فضائیہ کے گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جو ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج کے ڈائریکٹنگ اسٹاف تھے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں 13 لاشیں ملی ہیں جن کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کل پارلیمنٹ میں واقعے کے حوالے سے بیان دیں گے۔علاوہ ازیں بھارتی ائر فورس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اورانکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد 31 دسمبر 2019ء کو ریٹائر ہوئے تھے لیکن مودی سرکار نے انہیں بھارت کی مسلح افواج کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا تھا۔لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈایچ ایس پناگ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ جنرل بپن راوت ملٹری کالج میں لیکچر دینے جا رہے تھے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر تامل ناڈو میں کنور کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ادھر پاکستان کے مسلح افواج کے سربراہان چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،سربراہ پاک فضائیہ ائر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اورپاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے واقعے پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔