مقبوضہ کشمیر ،قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی ،3 نوجوان شہید

226

سری نگر (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی کارروائی کے دوران 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے نوجوانوں کو ضلع شوپیاںکے علاقے چک چولان میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ فوج نے بھاری ہتھیاروں اور بارودی مواد کا استعمال کرتے ہوئے علاقے میں ایک رہائشی مکان کو بھی تباہ کر دیا۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔ دریں اثنا قابض انتظامیہ نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو آپریشن کی کوریج سے روک دیا گیا۔ ادھر کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے5 اگست 2019ء کے بعد سے اب تک سرکردہ حریت رہنما محمد اشرف صحرائی اور ایک درجن خواتین سمیت484کشمیریوں کو شہید کیا‘ نوجوانوں کو ان کے گھروں سے اٹھایا گیا اور پھر انہیں مجاہدین یا ان کے معاونین کا جھوٹا لیبل لگا کر شہید کردیا گیا‘ 31 خواتین بیوہ اور 80 بچے یتیم ہو گئے ہیں‘طاقت کے وحشیانہ استعمال سے2000 سے زاید افراد شدید زخمی ہوئے۔فوجیوں نے 1047 سے زاید مکانات اور عمارات کو نقصان پہنچایا اور 118 خواتین کی بے حرمتی کی گئی۔