ن لیگ نے کراچی گرین لائن منصوبے کا علامتی افتتاح کردیا

495

کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن نے کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کا علامتی افتتاح کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنماؤں احسن اقبال، محمد زبیر اور مفتاح اسماعیل نے کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کا علامتی افتتاح کردیا ہے، افتتاحی تقریب میں مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت اور کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر بدنظمی بھی دیکھنے میں آئی، رینجرز اور پولیس کی جانب سے احسن اقبال سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کو افتتاح سے روکنے کی کوشش کی گئی، جس پر رینجرز اہلکاروں اور لیگی کارکنان میں دھکم پیل اور ہاتھا پائی ہوئی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ مسلم لیگ ن نے شروع کیا تھا، موجودہ حکومت مسلم لیگ ن کے منصوبوں پر تختیاں لگا رہی ہے، گرین لائن کا 90 فیصد کام 2018 سے قبل مکمل ہو چکا تھا، موجودہ حکومت نے اس منصوبے پر کوئی کام نہیں کیا، آج یہ منصوبہ سوا 3 سال کی تاخیر کے بعد مکمل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے یہ منصوبہ کراچی کے عوام کے لیے بنایا، کراچی کے لیے مسلم لیگ ن کا تحفہ مکمل ہو رہا ہے، منصوبے سے روزانہ لاکھوں لوگ فائدہ اٹھائیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے وفاقی حکومت کی ایما پر کارکنوں اور صحافیوں پر تشدد کیا، س حکومت کو شرم آنی چاہئے جو نہتے سیاسی کارکنوں پر ظلم کرتے ہیں، میں نے پہلے بھی گولیاں کھائی ہیں، آج کراچی والوں کے لیے لاٹھیاں کھائیں اس پر مجھے فخر ہے۔

محمد زبیر نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ مسلم لیگ ن نے کراچی کو دیا، یہ نواز شریف کا کراچی کیلئے تحفہ ہے، وزیراعظم کو کل افتتاھ کیلئے آنے کی ضرورت نہیں ہے، ہم نے اس کا افتتاح کردیا ہے۔