جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس اور وائس ریکارڈر مل گیا

161

نئی دہلی: بھارت میں جنرل بپن راوت کے تباہ ہونے والے فوجی ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس اوروائس ریکارڈر مل گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تامل ناڈو میں گر کر تباہ ہونے والے بھارتی فضائیہ کے ہیلی کاپٹرکا بلیک باکس مل گیا ہے۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ کو بریفنگ میں بتایا کہ ہیلی کاپٹر کا وائس ریکارڈر بھی مل گیا ہے۔

دوسری جانب جنرل بپن راوت اوران کی اہلیہ کی باقیات تامل ناڈو سے آج شام نئی دہلی لائی جائیں گی اور کل ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

گزشتہ روز تامل ناڈو میں بھارت کے پہلے ڈیفنس چیف آف اسٹاف جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹرٹیک آف کے تھوڑی دیربعد گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ حادثے میں بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ جبکہ گروپ کیپٹن ورون سنگھ زندھ بچ گئے تھے، ورون سنگھ تشویشناک حالت میں اسپتال میں لائف سپورٹ سسٹم پرہیں۔

خیال رہے کہ 63 سال کے بپن راوت بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے قریبی ساتھیوں میں شامل تھے، مودی حکومت نے بپن راوت کو آرمی چیف کے عہدے سے ریٹائر ہونے کے بعد پہلا بھارتی چیف آف اسٹاف مقرر کیا تھا۔