جماعت اسلامی پاکستان  12دسمبر کو ’’یوم یکجہتی بلوچستان‘‘ منائے گی

450

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان اتوار 12دسمبر کو ’’یوم یکجہتی بلوچستان‘‘ منائے گی، سانحہ سیالکوٹ پوری قوم کے لیے شرمندگی کا باعث بنا، واقعہ میں ملوث افراد کو کڑی سزا دی جائے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن اور عام انتخابات میں اپنے جھنڈے، انتخابی نشان ترازو اور منشور ’’اسلامی پاکستان، خوشحال پاکستان‘‘ کے تحت حصہ لیں گے۔ پی ٹی آئی کی متعارف کرائی گئی الیکشن ریفارمز منظور نہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  الیکٹرانک ووٹنگ مشین پی ٹی آئی کا آئندہ انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ ہے، جماعت اسلامی کشمیریوں کی پشتیبان ہے، حکمرانوں نے کشمیر کاز کو پس پشت ڈال دیا،نام نہاد بڑی اپوزیشن جماعتیں عوامی مسائل کے لیے نہیں اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  سودی معیشت، کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری، ناقص امن و امان کی صورت حال حکمرانوں کی نااہلی کا نتیجہ ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکمران پارٹیاں ملکی مسائل کی برابر کی ذمہ دار ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  پی ٹی آئی مکمل طور پر ناکام ہو گئی۔ ملک کو اہل اور دیانت دار قیادت ہی آگے لے جا سکتی ہے۔ پاکستان کو قرآن و سنت کا نظام چاہیے۔