حیدرآباد: ڈینگی کے کیسز میں کمی 24 گھنٹوں میں صرف 3 کیسز رپورٹ

325

حیدرآباد میں ڈینگی کے کیسز میں اب واضح کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے صرف 3 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔سول اسپتال کے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ڈینگی کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد 8 تک ہے جبکہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سول اسپتال سے ڈینگی کے 21 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران ڈینگی سے کوئی اموات نہیں ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ یکم اکتوبر سے اب تک حیدرآباد میں ڈینگی سے 8 اموات واقع ہوچکی ہیں۔ گزشتہ روز محکمہ صحت سندھ نے بتایا تھا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں رواں سال ڈینگی وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ جناح اسپتال کے ڈاکٹر چل بسے ڈینگی شاک سینڈروم سے جناح اسپتال وارڈ 5 کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سید محمود الحسن جعفری انتقال کر گئے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں سال صوبے بھر میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہزار 146 سے تجاوز کر چکی ہے، چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ میں ڈینگی وائرس کے مزید 27 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ صرف دسمبر کے مہینے میں ڈینگی وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 231 ہو چکی ہے۔