بھتے سے تنگ بچت بازار میں اسٹال لگانی والی خاتون کی خود سوزی کی کوشش

312

سرگودھا مجاہد کالونی کی رہائشی بچت بازار میں اسٹال لگانے والی 45 سالہ نورین بی بی نے ٹھیکدار کے تنگ کرنے پر خود کو آگ لگا لی۔ خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں پر برن یونٹ میں اس کا علاج جاری ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ نورین نامی خاتون کے 7 بچے ہیں، اور اس کا شوہر غلہ منڈی میں محنت مزدوری کرتا ہے، گھر میں غربت کے ڈیرے ہیں، جس کی وجہ سے خاتون شوہر کا ہاتھ بٹانے کے لئے  منگل بازار میں اسٹال لگانا شروع کیا تاہم ٹھیکیدار جبار، توصیف اور عابد نے خاتون سے بھتہ وصول کیا، بار بار بھتے کے لئے تنگ کرنے اور اسٹال کی جگہ خالی کرانے پر بے بسی کا شکار خاتون نے خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے آگ لگالی۔

دوسری جانب تھانہ اربن ایریا پولیس نے 3 ٹھیکیداروں میں سے دو جبار اور توصیف کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کرتے ہوئے کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کی حالت تشویشناک ہے، خاتون کے مزید بیان پر ملزمان کے خلاف دفعات شامل کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔