مہنگائی مارچ سے قبل تمام صوبوں میں کنونشز ہونگے ، پی ڈی ایم

140

 

اسلام آباد(صباح نیوز)اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)نے کہا ہے کہ 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف مہنگائی مارچ سے قبل عوام کو متحرک کرنے کے لیے چاروں صوبوں میں کنونشنز ،جلسے اور سیمینار ہوں گے۔اسلام آباد میں پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ،اجلاس میں مختلف جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی،اس دوران مہنگائی مارچ کے حوالے سے حکمت عملی پر غور ہوا۔پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے کہا کہ چاروں صوبوں سے قافلے کب روانہ ہوں
گے، یہاں کب پہنچنا ہوگا اور لانگ مارچ یا مہنگائی مارچ اسلام آباد پہنچنے میں ابھی ہمارے پاس 3 مہینے ہیں، اس دوران عوام کو فعال کریں تاکہ لاکھوں لوگ اسلام آباد میں مہنگائی مارچ میں شریک ہوں اور آج کا اجلاس بنیادی طور پر اسی ایجنڈے کے تحت ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ حکمت عملی اس لیے کہ ہم عوام کو شعور دیں کہ ملک میں ایسی حکومت مسلط ہے جو خطرناک بیماری سے کم نہیں ہے، جس کے وجہ سے 22 کروڑ عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے اور معیشت تباہ ہوگئی ہے، خارجہ پالیسی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان نظر آرہا ہے اور نہ ہی پرانا پاکستان نظر آرہا اور نہ قائد اعظم کا پاکستان ہے، لوگ جھولی اٹھا کر بددعائیں دے رہے ہیں اس حکومت کا خاتمہ جلد از جلد ہو۔حافظ حمداللہ نے کہا کہ پی ڈی ایم اس کا حل ایک صورت میں سمجھتی ہے کہ موجودہ مسلط کردہ سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ ہے کیونکہ یہ قوم اور غریبوں کی آواز بن چکی ہے، لہٰذا ڈنڈے کے زور پر مسلط حکومت کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں شفاف اور غیر جانب دارانہ انتخابات چاہتے ہیں اور جلد از جلد چاہتے ہیں، جس میں کسی قسم کی غیرجمہوری اور غیر سیاسی اشرافیہ کی مداخلت نہ ہو۔ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق مقننہ، انتظامیہ، عدلیہ اور اسٹبلشمنٹ اپنے دائرے میں رہتے ہوئے کام کریں تو یہ ملک آباد بھی ہوگا اور خوش حال اور مستحکم ہوگا۔