ٹینس اسٹار میکائل علی اسپورٹس بورڈ پنجاب کے سفیر مقرر

268

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کے نوجوان ٹینس اسٹار میکائیل علی بیگ کوا سپورٹس بورڈ پنجاب کا خیر سگالی سفیر مقرر کردیا۔منگل کے روز نوجوان ٹینس اسٹار میکائیل علی بیگ نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی سے ملاقات کی جس میں ٹینس کے فروغ اور ترقی کے بارے میں بات چیت کی گئی۔اس موقع پرصوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ میکائیل علی بیگ کو اسپورٹس بورڈ پنجاب کا خیر سگالی سفیر مقرر کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میکائیل علی بیگ پاکستان کے کم عمرٹینس اسٹار ہیں۔ صوبائی وزیر کھیل نے میکائیل علی بیگ کو خیر سگالی سفیر کا سرٹیفکیٹ بھی دیا۔میکائیل علی بیگ نے اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ کا بھی دورہ کیا اور ٹینس بھی کھیلی۔میکائیل علی بیگ نے نومبر میں نورالسلطان قازقستان آئی ٹی ایف ایشین انڈر 12ٹیم مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا تھا جبکہ اردن، تھائی لینڈ، بھارت اور قازقستان کی ٹیموں کو بھی شکست دی۔ستمبر میں میکائیل علی بیگ نے اسلام آباد آئی ٹی ایف انڈر ٹیم مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا اس مقابلے میں میکائیل علی بیگ نے بھارت کی ٹیم کو شکست دی تھی۔