آسٹریلوی وفد کی پاکستان آمد انتظامات کا جائزہ لیا

142

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آسٹریلیا کرکٹ بورڈ کا چار رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا، وفد کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں کرکٹ، سیکورٹی، لاجسٹک اور کوویڈ 19 کی صورتحال کا جائزہ لے گا۔ منگل کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وفد نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ بھی کرے گا، کراچی میں انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد وفد راولپنڈی اور لاہور روانہ ہوگا، سیکورٹی ماہرین پر مشتمل وفد 13اور 14دسمبر کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کراچی میں شیڈول میچز کا بھی جائزہ لے گا۔ پی سی بی کی طرف سے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان اور ڈائریکٹر سیکورٹی کرنل ریٹائرڈ آصف وفد کے ہمراہ موجود ہوں گے۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ دورے کے اختتام پر مہمان سیکیورٹی وفد اپنی رپورٹ کرکٹ آسٹریلیا کو پیش کرے گا۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم آئندہ سال مارچ، اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ آسٹریلیا کے دورہ پاکستان میں تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ شامل ہے، 1998 کے بعد پہلی بار آسٹریلوی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔