پراپرٹی کی قیمتوں نئے ٹیکسز کے اعلان پر تحفظات ہیں، ظفر بختاوری

259

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے ملک بھر میں پراپرٹی کی قیمتوں کے تعین اور ٹرانسفر کے لیے نئے ٹیکسز کے اعلان پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ظفربختاوری نے کہا کہ پراپرٹی کی قیمتوں کے تعین اور ٹرانسفر کے لیے جن نئے ٹیکسزکا اعلان کیا ہے اس میں وزیراعظم عمران خان نے کنسٹرکشن پیکج کے ذریعے جن مراعات کا اعلان کیا تھا نہ صرف ان سب مراعات کو زیرو کردیا ہے بلکہ ملک میں سرمایہ کاری کے رجحان کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا ہے انہوں نے کہا ہمارا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ جو پالیسیاں بنائی جاتی ہے تو اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا اور بزنس کمیونٹی کو ملک دشمن تصور کیا جاتا ہے، موجودہ اعلان سے ایک بار پھر یہ بات ابھر کر سامنے آئی ہے کہ اس پالیسی سے ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ ظفر بختاوری نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ ان اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے کاروباری طبقے اور قومی اسمبلی کے اراکین پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے جس میں قومی اسمبلی کے فاننس کمیٹی کے اراکین شامل ہو جو ان اقدامات کے حوالے سے جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے اور حالیہ اقدامات کو ختم کیا جائے کیونکہ اس پالیسی کے بعد ملک بھر میں پراپرٹی کے ٹرانسفر ختم ہوکر رہ گئی ہے اور ملک ایک نئے بحران سے دوچار ہو گیا ہے ملک کی ترقی خوشحالی اور بیروزگاری کے خاتمے کے لیے بزنس فرینڈلی پالیسیاں بنائی جانی چاہیے۔