کھڈرو،محکمہ تعلیم شدید افرادی قوت کے بحران سے دوچار ہے

294

کھڈرو(نمائندہ جسارت) محکمہ تعلیم سندھ افسران کی کمی کے باعث تباہی سے دوچار،ایک آفیسر کے پاس کئی کئی چارجز، مسائل کے انبار لگ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ سندھ اس وقت شدید افرادی قوت کے بحران سے دوچار ہے ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ ہے لیکن صورتحال یہ ہے کہ تعلیمی اداروں میں کم و بیش 50 ہزار اساتذہ کی اسامیاں خالی ہیں دیگر کیڈر کے اساتذہ اوٹی پی ٹی آئی کی ایک عرصہ سے تقرری نہیں ہورہی ، اور کتنے ہی سینئر اساتذہ پروموشن کے انتظار میں ریٹائر ہوگئے لیکن پروموشن نہیں ہوئے ، پروموشن نہ ہونے کی وجہ سے سندھ بھر کے تعلیمی ادارے اور انتظامی دفاتر افسران سے محروم ہیں اور جو ہیں ان کے پاس کئی کئی چارجز ہونے کی وجہ سے نت نئے مسائل جنم لے رہے ہیں گزیٹِڈآفیسرز اسکولس ایسوسی ایشن سندھ کے سابق صدر جان محمد ڈاہری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر متعلقہ کمیٹیوں کے اجلاس طلب کریں اور سینئر ٹیچرز کو ترقی دے کرمذکورہ مسائل پر توجہ دیں اور جنگی بنیادوں پر خالی پوسٹیں فل کی جائیں۔انہوں نے مزید کہا سندھ کی تعلیم کو جان بوجھ کر تباہ کیا جارہا ہے سندھ کے 66 ہزار بچے تعلیمی اداروں سے باہر ہیں جن میں سے 31 ہزار معصوم بچیاں ہیں۔