جیکب آباد ،حلقہ NA-195 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست

248

جیکب آباد(نمائندہ جسارت)جیکب آباد کے حلقہ این اے 196پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست، ریٹرننگ آفیسر نے وفاقی وزیر محمد میاں سومرو اور صوبائی مشیر اعجاز جکھرانی کے پیش نہ ہونے پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی 10 دسمبر کو کرانے کا حکم جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 196پر صوبائی مشیر جیل خانہ جات میر اعجاز حسین جکھرانی کی جانب سے وفاقی وزیر محمد میاں سومرو کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر الیکشن ٹریبول سکھر نے 30 روز کے اندر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم جاری کیا تھا جس پر ریٹرننگ آفیسر اور سیکنڈ ایڈیشنل سیشن جج غلام علی کناسرو نے 7 دسمبر کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کاحکم جاری کرتے ہوئے تمام امیدواروں کو پیش ہونے کے احکامات جاری کیے تھے، ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے ریٹرننگ آفیسر اور سیکنڈ ایڈیشنل سیشن جج غلام علی کناسرو کی عدالت میں سماعت ہوئی ، جس میں وفاقی وزیر محمد میاں سومرو اور درخواست گزار میر اعجاز حسین جکھرانی کی جگہ ان کے وکلا پیش ہوئے جبکہ اس کے علاوہ دیگر امیدوار ڈاکٹر اے جی انصاری، خالد جکھرانی، فہد جکھرانی اور دیگر پیش ہوئے۔اس موقع پر وفاقی وزیر محمد میاں سومرو کے وکلا نے ریٹرننگ آفیسر کو درخواست دی کہ محمد میاں سومرو مصروفیات کی وجہ سے پیش نہ ہوسکے اس لیے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے دوسری تاریخ دی جائے جس پر ریٹرننگ آفیسر نے 10 دسمبر کو دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی تاریخ مقرر کی، سماعت کے دوران کورٹ کے ملحقہ تمام راستے سیل کر کے پولیس کی بھاری نفری تعینات کیا گیا تھا۔