مزدوروں کے حقوق کیلیے ہرجگہ آواز اٹھائیں گے،پریم یونین

170

فیصل آباد(جسارت نیوز)ریلوے پریم یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات خالد محمود چودھری نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت منی بجٹ لاکرمہنگائی میں اضافہ کرنے کے بجائے ملک میں مہنگائی کے خاتمے اور ملازمین کی تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ کا اعلان کرے۔ ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کے دعوے داروں نے ریلوے کی پندرہ ہزار اسامیوں پر بھرتی کرنے کے بجائے انہیں یکسرختم کردیاہے۔ پی ٹی آئی کو ن لیگ اورپیپلز پارٹی کے عبرت ناک انجام سے سبق سیکھنا چاہیے۔ حکمران طاقت میں نشے میں ایسے اقدامات کرنے سے گریز کریں جو مستقبل میںخود ان کے گلے کی ہڈی ثابت ہوں ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی خسارہ پورا کرنے کے لیے پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی اور فلاحی ادارے کو نجکاری کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے، مزدوروں کے حقوق کیلیے ہرجگہ آواز اٹھائیں گے، حکومت نے ملازمین کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ملک بھر سے ریل مزدور اسلام آباد کا رخ کر لیں گے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ازخود نوٹس لے کرریلوے کے حاضر اور ریٹائرڈ ملازمین کی تنخواہوں اور بقایا جات کے مسائل کو فوری حل کروائیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلوے میںسیاسی بنیادوں پر بھرتی کے بجائے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کا کوٹہ مقرر کیا جائے۔