ووٹ کے اندراج میں ہم سب کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا

186

کندھکوٹ(نمائندہ جسارت) کندھکوٹ میں بھی ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی اور صوبائی افسران، شہریوں، طلبا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر 1 ای ڈی کاکل نواب چنا ،الیکشن کمشنر عامر مرزا اورالیکشن کمیشن آفیسر محمد اکرم نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری جس کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہے، بشمول خواتین، مرد، نوجوان، معذور افراد، ٹرانس جینڈر شہری، سبھی قومی شناختی کارڈ کے حقدار ہیں اور انہیں ووٹ کا مساوی حق حاصل ہے۔ شہریوں اور طلبا اور مستقبل کے معماروں کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری گھر گھر تصدیقی مہم کے مراحل، ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے عمل کے بارے میں بتایا گیا۔ ووٹ کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کو مضبوط بنانے میں ووٹ کی اہمیت سے صرف نظر ممکن نہیں یہ معاشرے کا قومی فریضہ ہے۔انہوں نے شہریوں اور طالب علموں پر زور دیا کہ وہ گاؤں اور اس کے آس پاس رہنے والوں پر زور دیں کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے چلائی جانے والی مہم میں اپنے ووٹوں کا اندراج اور تصدیق کریں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ووٹ کے اندراج میں ہم سب کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس کے بعد ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا۔