روہنگیا مسلمانوں نے فیس بک پر ہرجانے کا دعویٰ کردیا

165

سکرامنٹو (انٹرنیشنل ڈیسک) میانمر کے روہنگیا پناہ گزینوں نے فیس بک پرڈیڑھ کھرب ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمر کے روہنگیا پناہ گزینوں نے کیلی فورنیا کی عدالت میں فیس بک کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ فیس بک پر نفرت انگیز مواد اور منافرت پر مبنی پوسٹوں کی وجہ سے روہنگیا برادری کو تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔روہنگیا پناہ گزینوں کی جانب سے قانون دان فرموں ایڈلسن پی سی اور فیلڈز پی ایل ایل کی درخواست میں استدلال کیا گیا کہ سماجی رابطے ویب سائٹ نفرت آمیز پروپیگنڈے کو روکنے میں بری طرح بری طرح ناکام رہی ، جس کا خمیازہ معصوم جانوں کو بھگتنا پڑا۔ قانونی فرموں نے شکایت میں مزید کہا ہے کہ فیس بک امریکی قانون کی شق 230 کو اپنے دفاع کے طور پر استعمال کرتی ہے تو ہم اپنے مقدمے میں میانمار کے قانون کے اطلاق کی کوشش کریں گے۔دوسری جانب دیگر قانونی ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ امریکی عدالتیں ایسے معاملات پر غیر ملکی قانون کا اطلاق کر سکتی ہیں جہاں کمپنیوں کی طرف سے مبینہ نقصانات اور سرگرمیاں دوسرے ممالک میں ہوئیں۔ادھر فیس بک انتظامیہ نے رائٹرز کو بتایا کہ میانمار میں غلط معلومات اور نفرت کو روکنے میں سست روی ضرور ہے تاہم فیس بک کے اصول و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر اکاؤنٹس کو معطل کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔