دورئہ خلیج: سعودی ولی عہد عمان کے بعد امارات پہنچ گئے

478
ابوظبی: محمد بن زاید النہیان سعودی ولی عہد کا استقبال کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر میں عمان کے سلطان محمد بن سلمان کو ہوائی اڈے پر الوداع کہہ رہے ہیں

ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان خلیجی ممالک کے دورے کے دوران مسقط کے بعد متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، جہاں ولی عہد ابوظبی محمد بن زائد النہیان نے ان کا استقبال کیا۔ اس سے قبل محمد بن سلمان پیر کی شام عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچے جہاں، جہاں سلطان ہیثم بن طارق نے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔ سعودی شاہی دیوان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔ اس دوران میں وہ عمان ، امارات ، قطر ، بحرین اور کویت کی قیادت سے ملاقات میں طرفہ خصوصی تعلقات اور مشترکہ دل چسپی کے امور پر بات چیت کریں گے۔ خبررساں اداروں کے مطابق سعودی عرب اور عمان نے مختلف منصوبوں پرمشترکہ کام کے لیے مفاہمت کی 13یادداشتوں پر دست خط کیے ہیں۔ان کے تحت مختلف شعبوں میں دوطرفہ منصوبوں کونجی کمپنیوں کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ عمانی ذرائع ابلاغ کے مطابق منرلز ڈویلپمنٹ کمپنی نے کان کنی کے شعبے میں تلاش اور ترقی کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے سعودی معدن کمپنی کے ساتھ ایک سمجھوتے پر دست خط کیے گئے ہیں۔