پی ڈی ایم پھنس چکی‘ بھاگنے کا راستہ ڈھونڈ رہی ہے‘حسان خاور

196

لاہور (نمائندہ جسارت)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے کے نعرے پر یقین نہیں رکھتی ہے، حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ زیادہ پانی آئے تو یہ حکومت کی ذمے داری ہے کہ اس کی نکاسی کا انتظام کیا جائے۔ گزشتہ روزایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ نے بارشوں کے پانی میں کھڑے ہو کر فوٹو سیشن پر زور دیا،گزشتہ50برس سے گورننس کا ماڈل یہ تھا کہ مسائل پر محض سیاست کی جاتی رہی مگر ان کا حل نہیں نکالا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم بھان متی کا کنبہ ہے، اسے عوامی مفادات سے کچھ لینا دینا نہیں،پی ڈی ایم نے گزشتہ سال بھی نومبر میں اعلان کیا تھا کہ جنوری تک حکومت ختم ہو جائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم کی کشتی میں سب نے کئی چھوٹے چھوٹے سوراخ کر رکھے ہیں، یہ کشتی ڈوب رہی ہے لیکن اس کشتی کے مسافر اسی بحث میں الجھے ہوئے ہیں کہ کس نے چھوٹا سوراخ کیا اور کس نے بڑا،پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کی تاریخ شرمندگی چھپانے کے لیے دی،تاریخ پر تاریخ دے کر پی ڈی ایم بھاگنے کا راستہ تلاش کر رہی ہے،پی ڈی ایم حکومت سے اجازت لے توراستہ دیںگے،پی ڈی ایم مارچ کا انتظارنہ کرے آج ہی سے لانگ مارچ شروع کر دے۔