پاکستان دشمن قوتیں ہمیں آپس میں لڑ ارہی ہیں‘ کائرہ

286

کھوئی رٹہ ( آن لائن) سابق وفاقی وزیر قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن قوتیں ہمیں آپس میں لڑ ارہی ہیں،طاقتور ادارے آئین و قانون کو نہیں مانیں گے تو ترقی کیسے ہو گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سابق وزیر تعلیم و کالجز محمد مطلوب کی برسی پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی ہی ترقی کی ضامن ہے ہم انصاف اور ترقی میں آخری نمبروں پر ہیں ہمارے خلاف کوئی سازش کرے نہ کرے ہم خود اس سازش کا حصہ ہیں۔ قمرزمان کائرہ نے کہا محمد مطلوب انقلابی جمہوریت پسند آدمی تھا،خطے کی ترقی وخوشحالی اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے جدوجہد کی، ان کی وفات سے آزاد کشمیر وپاکستان میں بڑا سیاسی خلا پیدا ہوا ہے۔ آج ملکی سیاست بہت خراب ہو چکی ہے، ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والے حکمران عوام کومزید مسائل میں دھکیل رہے ہیں۔ اسلام کو اس ملک سے کوئی خطرہ نہیں علما اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ سیالکوٹ کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ہمیں سچائی کا سامنا کرنا ہو گا عدلیہ، عسکری اور سیاسی قائدین و رہنما محلات میں رہ رہے ہیں، عوام کا کسی کو خیال ہی نہیں ،ترقی یافتہ ملک کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے خود کو بدلنا ہو گا۔