جامع کلاتھ مارکیٹ سے کروڑوں روپے کا کپڑا ضبط

203

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) تاجروں کی جانب سے سخت احتجاج بھی کام نہ آیا، کسٹم انٹیلی جنس نے جامع کلاتھ مارکیٹ سے کروڑوں روپے مالیت کا کپڑا ضبط کرلیا۔کراچی کی مشہور جامع کلاتھ مارکیٹ میں کسٹم انٹیلی جنس نے چھاپا مارا جس کے دوران انہیں سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپا غیر قانونی اشیا کی موجودگی کی اطلاع پر مارا گیا۔فریسکو چوک پر کسٹم کارروائی کے خلاف تاجر سڑکوں پر نکل آئے۔ مقامی تاجروں کے احتجاج کے باعث فریسکو چوک میدان جنگ بن گیا۔ احتجاج کے دوران فائرنگ اور پتھرا ئوکے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ دونوں زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔کسٹم ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی اشیا کے تین کنٹینرز کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس اور کسٹم اہلکاروں کی بھاری نفری کی موجودگی میں جامع کلاتھ مارکیٹ کے قریب جاری آپریشن مکمل ہوگیا۔بڑی تعداد میں غیرقانونی اشیاء قبضے میں لے لی گئیں۔