تعلیم اور صحت ہی ترقی یافتہ قوم کی بنیاد ہے، صدر مملکت

141

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت کی بنیاد پر ایک صحت مند اور ترقی یافتہ قوم بنتی ہے، صحیح فیصلہ سازی اور اپنی ذہانت کو بروئے کار لاتے ہوئے ہم دنیا میں جلد اپنا مقام حاصل کرسکتے ہیں، کم آبادی والے صوبوں کیلیے زیادہ فنڈز کی فراہمی سے متعلق لائحہ عمل اختیار کیا جانا چاہیے، خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق پیغام ہر گھر تک پہنچا چاہیے، علماکرام بھی اس بارے میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ گزشتہ روز نیشنل یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی(نسٹ) میں آبادی کے موضوع پر سالانہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ دور کا تقاضا ہے کہ فیصلے تیزی سے کیے جائیں، بڑھتی ہوئی آبادی ایک بڑا چیلنج ہے، ملک کو گزشتہ 30 سے 50 سال سے اس چلینج کا سامنا ہے، بنگلا دیش اور ایران جیسے اسلامی ممالک آبادی میں اضافے کے مسئلے سے نمٹنے میں کامیاب ہوئے۔ ہمیں ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام تک اس کے متعلق اپنا پیغام پہنچانا چاہیے۔