سیالکوٹ واقعہ،فیکٹری کے تمام سپروائزر رہا،لاش کی بے حرمتی کرنے والا ملزم گرفتار

299

سیالکوٹ( مانیٹرنگ ڈیسک) پولیس نے فیکٹری کے تمام سپروائزرز کو چھوڑ دیا‘ فیکٹری کے سپروائزرز کو 2 روز قبل حراست میں لیا گیا تھا اور ان سے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی گئی‘ دوسری جانب پریانتھا پر تشدد اور لاش کی بے حرمتی کرنے والے ایک اور ملزم کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہناہے کہ فیکٹری مالک کی یقین دہانی کے بعد تمام سپروائزرز کو رہا کر دیا گیا ہے اور ضرورت پڑنے پر ان تمام افراد کو دوبارہ طلب کیا جاسکتا ہے۔پولیس کے مطابق سانحہ سیالکوٹ میں موبائل ڈیٹا اور ویڈیوزکی مدد سے دیگر ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔علاوہ ازیںپولیس نے لاش کی بے حرمتی میں ملوث انتہائی ملزم امتیاز عرف بلی کو راولپنڈی جانے والی بس سے گرفتار کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اورموبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے مزید 8 مرکزی ملزمان کوبھی حراست میں لیا گیا ہے جس کے بعد زیر حراست ملزمان کی تعداد 131 ہوگئی ہے۔