پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس‘ الیکشن کمیشن کااجلاس کل طلب

225

اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں کل اِن کیمرہ اجلاس طلب کر لیا۔ڈی جی لا کی سربراہی میں کام کرنے والی اسکروٹنی کمیٹی نے اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی تھی۔اجلاس میں اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ ڈی سیل کرکے جائزہ لیا جائے گا اور رپورٹ کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔اس کے بعدالیکشن کمیشن مقدمے کو باقاعدہ کھلی عدالت میں مقرر کرے گا اور اس پرجو بھی احکامات ہوں گے وہ جاری کیے جائیں گے۔ اس میں یہ بھی حکم دیا جائے گا کہ رپورٹ کی کاپی پی ٹی آئی کو فراہم کی جائے تاکہ وہ اس پر اپنا جواب جمع کرا سکیں۔ علاوہ ازیں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی دبائو کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے فرائض ادا کرتا رہے گا، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس سے متعلق اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ موصول ہوچکی ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے اسلام آباد میں قومی ووٹرز ڈے پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کے آئندہ الیکشن میں امیدواروں کے کاغذات کی آن لائن جانچ پڑتال ہوگی، 10منصوبے پلاننگ کمیشن کو بھیجے لیکن ان پروجیکٹس کو پی ایس ڈی شامل نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے ڈی آر او تعینات کر دیے، بلوچستان میں صوبائی حکومت نے حلقہ بندیوں کا ڈیٹا فراہم نہیں کیا۔