برسلز:شاہ محمود کی سیکرٹری جنرل ناٹو اوربیلجئم کی نائب وزیراعظم سے ملاقات

204

برسلز‘اسلام آ باد(صباح نیوز+اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ناٹو ہیڈکوارٹر میں ناٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور افغان صورتحال سمیت علاقائی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ امن کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، پاکستان جموں و کشمیر کے تنازع سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔وزیر خارجہ نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں تیزی سے ابھرتا ہوا انسانی بحران تشویشناک ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری افغان عوام کو انسانی و معاشی معاونت فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ کاوشیں بروئے کار لائے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ عالمی برادری کی توجہ افغانستان میں پنپتے ہوئے انسانی بحران کی جانب مبذول کرانے کے لیے پاکستان19دسمبر کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ سیکرٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے افغانستان میں ناٹو کی 2 دہائی پر محیط موجودگی کے دوران پاکستان کی حمایت کو سراہا۔علاوہ ازیںوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بیلجئم کے ساتھ دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور سیاسی، اقتصادی، تجارتی، تعلیمی ، سائنسی و کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے،افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے ، مہاجرین کی نقل مکانی کے ممکنہ خطرے کو روکنے اور افغانستان کو ایک بار پھر دہشت گردوں کی پناہ گاہ بننے سے محفوظ رکھنے کے لیے عالمی برادری کا تعاون ناگزیر ہے ۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ بات انہوں نے گزشتہ روز برسلز میں بیلجئم کی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ صوفی ولمس سے ملاقات کے دوران کہی۔بات چیت کے دوران پاکستان اور بیلجئم کے مابین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا گیا۔وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بیلجم کو ایک قریبی دوست اور ایک اہم تجارتی شراکت دار کے طور پر قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔