سیالکوٹ واقعہ پر علماء کرام کا جمعہ کو یوم مذمت منانے کا اعلان

726

اسلام آباد: سیالکوٹ واقعہ پر علماء کرام نے جمعہ کو یوم مذمت منانے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے جید علما کرام کے وفد نے اسلام آباد میں سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے وکرما سے ملاقات کی اور سیالکوٹ واقعہ پر اظہار تعزیت کیا، وفد میں چیئر مین نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز، مفتی تقی عثمانی، علامہ طاہر اشرفی، علامہ عارف واحدی، قاری حنیف جالندھری، علامہ امین شہیدی، عبدالخبیر آزاد، ابوالخیر زبیر، حامد سعید کاظمی اور علامہ ساجد میر سمیت دیگر علما کرام شامل تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ نے تمام مکاتب فکر سمیت پورے ملک کو ہلا کررکھ دیا ہے، سری لنکا برادرملک ہے، توقع ہے اس واقعہ سے پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات خراب نہیں ہوں گے۔

قاری حنیف جالندھری نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا علما کرام جمعہ 10 دسمبر کو یوم مذمت منائیں گے۔ تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں سانحہ سیالکوٹ کی مذمت کی جائیگی۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ سانحہ سیالکوٹ میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔

علامہ طاہراشرفی نے کہا کہ پاکستان کے تمام مکاتب فکرکے جید علما کرام نے سری لنکا کے ہائی کمشنرسے تعزیت کی ہے۔ سری لنکا کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم انصاف دلائیں گے۔

حامد سعید کاظمی کا کہنا تھا کہ اس سانحہ پر غمگین ہیں۔ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے سیالکوٹ سانحے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ علامہ عارف واحدی نے کہا کہ یہ شدت پسندی پاکستان اور اسلام کے ساتھ دشمنی ہے۔

سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے ورکرما کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان نے متعدد بار ضرورت میں ہماری مدد کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔