تجارت و سرمایہ کاری کی آزادی و سہولیات کو فروغ دینگے،چین

431

چینی وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ  نے کہا ہے کہ چین اعلی معیار کے کھلے پن کو جاری رکھے گا ، کثیرالجہت تجارتی نظام کا بھرپور تحفظ کرے گا اور تجارت و سرمایہ کاری کی آزادی و سہولیات کو فروغ دے گا، رواں سال چینی معیشت بخوبی ترقی کر رہی ہے، اہم اہداف کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چینی وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے  بڑے بین الاقوامی اقتصادی اداروں کے رہنماوں کے ساتھ  چھٹی “1+6” گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا،جس میں ،ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس،  بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مینجنگ ڈائریکٹرکرسٹالینا جارجیوا، ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی ڈائریکٹر جنرل نگوزی اوکونجو، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل گائے رائڈر،اقتصادی تعاون وترقی کی تنظیم کے سیکرٹری جنرل میتھیاس کورمن اور مالیاتی استحکام بورڈ کے چیئرمین کلاس ناٹ شریک تھے۔

کانفرنس میں عالمی اقتصادی بحالی،وبا کے بعد پائیدار ترقی اور چینی معیشت کی مستحکم ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔لی کھہ چھیانگ نے کہا کہ رواں سال چینی معیشت بخوبی ترقی کر رہی ہے اور اہم اہداف کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اعلی معیار کے کھلے پن کو جاری رکھے گا ، کثیرالجہت تجارتی نظام کا بھرپور تحفظ کرے گا اور تجارت و سرمایہ کاری کی آزادی و سہولیات کو فروغ دے گا۔

انہوں نے عالمی اقتصادی بحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی خاطر مختلف فریقوں کیساتھ رابطے اور تعاون کو مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔عالمی اقتصادی اداروں کے رہنماوں نے وبا کے اثرات کے باوجود چینی معیشت کی مستحکم ترقی سے عالمی اقتصادی بحالی کیلیے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ چین کے ساتھ عالمی معیشت کی مضبوط،اشتراکیت پر مبنی  پائیدار ترقی کے لیے تعاون کو فروغ دینے کے خواہش مند ہیں۔