“سندھ حکومت نے کالا بلدیاتی بل پا س کروایا، وزراء عوام کو دھوکا نہ دیں”

706
حقوق کراچی کارواں“ساڑھے تین کروڑ عوام کا حقیقی ترجمان ہوگا، حافظ نعیم

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے گورنر سندھ کی جانب سے سندھ حکومت کے منظور کردہ بلدیاتی ترمیمی بل 2021کو واپس کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے اسمبلی سے غیر جمہوری طریقہ اور رویہ اختیار کرتے ہوئے کراچی دشمن کالا بلدیاتی بل پا س کروایا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ حکومت کے وزراء اور نمائندے عوام کو بے وقوف بنانے اوردھوکا دینے کا سلسلہ بند کریں، گورنر سندھ وفاق کے نمائندے ہیں،اس حوالے سے وفاق کی ذمہ داری تھی کہ تمام صوبوں کے لیے ایسی قانون سازی کی جاتی کہ بلدیاتی اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا عمل جاری رہتا اوردیگر صوبوں میں مثال قائم ہوتی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کے ساتھ جہاں پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت ناانصافی اور حق تلفی کررہی ہے، وفاق میں موجود پی ٹی آئی کا رویہ اور طرز عمل بھی کراچی دشمنی ہی رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہل کراچی کے ساتھ پیکیجز کے نام پر بار بار وعدے کر کے ان کو دھوکا دیا جارہاہے،جعلی مردم شماری جس میں کراچی کی آدھی آبادی کو غائب کردیا گیاہے اسے منظور کیا گیاتو کوٹہ سسٹم میں غیر معینہ مدت تک اضافہ کیا گیا جو کسی طرح بھی اہل کراچی کے حق میں بہتر نہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ صرف حکمران جماعت پیپلزپارٹی کے سوا کوئی پارٹی اس بل کے حق میں نہیں ہے، یہ بل نہ صرف کراچی دشمن بلکہ سندھ دشمن بھی ہے اور کراچی سمیت سندھ بھر کے بلدیاتی اداروں کو مفلوج اور غیر مؤثر بنانے کی کوشش ہے جسے کسی صورت میں بھی قبول نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہاکہ ملک کا سب سے بڑا شہر تجارتی و اقتصادی حب اور وفاق اور صوبے کو چلانے والا تین کروڑ سے زائد آبادی کاحامل یہ شہر بے شمار مسائل اور مشکلات کا شکا ر ہے۔بجلی، پانی، سیوریج،ٹرانسپورٹ،صحت تعلیم سمیت شہر کے گھمبیر مسائل حل نہیں ہورہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی کے تمام مسائل کا حل ایک بااختیار شہری حکومت قائم کرنے اور سندھ کے دارالخلافہ کو میگا میٹروپولیٹن سٹی کا درجہ دینے سے ہی وابستہ ہے لیکن افسوس کہ پیپلزپارٹی نے موجودہ بلدیاتی بل میں اختیارات کے بڑھانے کے بجائے مزید کم کردیے ہیں اور اس طریقے سے کراچی کے وسائل پر اپنا کنٹرول اور شہری اداروں کو اپنے قبضے میں لیناچاہتی ہے۔