پی ڈی ایم کی آڑ میں نواز لیگ ڈیل میں مصروف ہے، حافظ حسین احمد

622
فضل الرحمن قوم کو بتائیں کہ 48گھنٹوں میں کتنے ہفتے ہوتے ہیں، حافظ حسین

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس عمران خان  کی دم توڑتی حکومت کے لئے آکسیجن کا سلنڈر ثابت ہو رہاہے۔

حافظ حسین احمد نے کہا کہ گذشتہ چار سالوں سے اپوزیشن عمران کی دھاندلی زدہ حکومت کو گرانے کے لیے ’’رینٹل مارچ ‘‘ سے لیکر اب مجوزہ ’’مہنگائی مارچ ‘‘تک پی ڈی ایم کے کسی اجلاس میں کوئی موثر فیصلہ نہیں ہو ا۔

انہوں نے کہا کہ  پی ڈی ایم کے جو فیصلے ہو ئے بھی ان پر عملدرآمد نہ ہوسکا، ہم شروع سے کہہ رہے تھے کہ نواز لیگ کرپشن کے حوالے سے اپنے مقدمات اور معاملات کے لیے درپردہ مفاہمت اور ڈیل میں مصروف و مشغول ہے۔

حافظ حسین احمد نے کہا یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف پی ڈی ایم کے کسی بھی سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کرتے تاکہ کوئی مذاحمتی احتجاجی پروگرام طے نہ ہوسکے ۔

 انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمن نے نوازشریف کی خوشنودی کے لیے جے یو آئی ف کو دلدل میں ڈال دیا ہے جن خدشات کا اظہارہم پارٹی کے اجلاسوں میں برملا کرتے رہے مگر پارٹی کے لیے ھمارے مخلصانہ مشورے کی ٹمٹماتے شمع کے مقابلے میں جب ’’شریفانہ چمک ‘‘ آئی تو موجودہ صورتحال سامنے آئی۔