لاڑکانہ ،انسانی حقوق کے ادارے 6 تا 10 دسمبر آگاہی مہم چلائیں گے

190

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) حکومت سندھ کے انسانی حقوق کے ادارے کی جانب سے انسانی حقوق کے عالمی دن 10 دسمبر کی مناسبت سے 6 سے 10 دسمبر تک انسانی حقوق کی تحفظ کے لیے آگاہی مہم کا ہفتہ منانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں محکمہ انسانی حقوق سندھ کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر سکھر و لاڑکانہ اعجاز اکبر جمالی کی قیادت میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سے ایس ایس پی چوک تک آگاہی ریلی نکالی گئی جس میں کالج کے اساتذہ اور طلبہ سمیت محکمے کے افسران نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر اعجاز اکبر جمالی اور پرنسپل گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج الطاف حسین ابڑو نے کہا کہ سب انسان برابر ہیں اور اسلام میں بھی سب کے ایک جیسے حقوق ہیں کسی کو بھی کسی پر کوئی فوقیت نہیں جس میں جنس، نسل اور مذہبی فرقہ نہیں، اسلام جو بھی ہمیں حقوق دیتا ہے اس پر عمل کریں جو اپنے لیے پسند کرتے ہیں وہ دیگر کے لیے بھی ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس واک کا مقصد بھی یہی ہے کہ جہاں بھی انسانی حقوق کی پامالی ہو اس کے خلاف آواز اٹھانے کے ساتھ ساتھ ادارے کو رپورٹ کریں تاکہ ایسے افراد کی داد رسی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ سب کے حقوق برابر ہیں، تعلیم، صحت، سماجی انصاف اور معاشرے میں ہونے والی دیگر اقسام کی ناانصافیوں کو روکنے کے لیے ہمارا ادارہ کام کررہا ہے اور اس سلسلے میں سکھر اور لاڑکانہ کے کمشنر آفس میں ہمارے دفاتر موجود ہیں۔اس سے قبل گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں تقریری مقابلے کے اہتمام کیا گیا جس میں کالج کے طلبہ نے انسانی حقوق کے متعلق ٹیبلوز پیش کرکے تقاریر میں حصہ لیا۔