سرکاری املاک سے تجاوزات ختم کروانے کیلیے مؤثر اقدامات کیے جائیں

140

کندھکوٹ(نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر کشمور منور علی مٹھیانی نے کہا ہے کہ عدالتی احکامات کے مطابق سرکاری املاک سے تجاوزات ختم کروانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیل میں تجاوزات ختم کرا کے دو روز کے اندر تفصیلی رپورٹ فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع بھر سے سرکاری املاک سے تجاوزات ختم کروانے کے سلسلے میں دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عدالتی احکامات کے مطابق ضلع بھر میں سرکاری املاک پر موجود تجاوزات ختم کروانے کے لیے حکمت عملی تشکیل دی جائے۔ اس سلسلے میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیل میں موجود تجاوزات کے متعلق دو روز میں تفصیلی رپورٹ فراہم کریں جبکہ قبضہ داروں کو مساجد میں سے اعلان کیے جائیں تاکہ وہ خود سے تجاوزات ختم کریں۔ بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سستی قابل قبول نہیں ہوگی۔ اگر کوئی افسر کام نہیں کر سکتا تو بھی تحریری طور پر آگاہ کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران اگر کوئی شخص مداخلت کرے تو کارروائی کی جائے گی۔ تاکہ کسی سے بھی ناانصافی نہ ہو جبکہ ہر قسم کی سرکاری ملکیت سے قبضے ختم کروانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ اس موقع پر تحصیلدار تنگوانی کندھکوٹ سی ایم او کندھکوٹ اریگیشن اور دیگر محکمہ کے افسران موجود تھے۔