سہون پانی کی قلت کیخلاف سندھ یونائیٹڈ پارٹی کا احتجاج

280

سہون ( نمائندہ جسارت )سندھ یونائیٹڈ پارٹی میونسپل کمیٹی سہون کی جانب سے سہون میں پینے کے پانی کی قلت کے خلاف ہاتھوں میں خالی مٹکے رکھ کر محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کی انتظامیہ کے خلاف تین روزہ احتجاجی کیمپ قائم۔ مظاہرین کا وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر حکام سے محکمہ پبلک ہیلتھ کی نااہل انتظامیہ کے خلاف نوٹس لے کر سہون شہر میں پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے، فلٹر پلانٹس آراو پلانٹس بحال کرنے اور سہون میں واٹر سپلائی کی ساری پائپ لائنوں کو تبدیل کرنے اور نااہل پبلک ہیلتھ انتظامیہ کے عملداروں کو ہٹانے کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق ایس یو پی میونسپل کمیٹی تحصیل سہون کی جانب سے اصغر سولنگی، محمد نواز رند، محمد خاسولنگی ،کمانڈو شاہد ہالیپوٹواور گل بہار بڑدی و دیگر کی قیادت میں محکمہ پبلک ہیلتھ سہون کی انتظامیہ کے خلاف دھمال چوک کے مقام پر تین روزہ احتجاجی کیمپ قائم کر کے شدید نعرے بازی کی۔اس موقع پر مظاہرین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پبلک ہیلتھ سہون کی نااہل انتظامیہ کی کرپشن کے باعث سہون شہر میں ترقیاتی کام سست رفتاری کا شکار بن چکے ہیں شہر میں مسلسل پانی کی شدید قلت کی وجہ سے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں شہر کے روڈ کھدے ہوئے ہیں ،گٹر نالوں ڈرینیج سسٹم کی وجہ سے شہر کے ترقیاتی کام سست رفتاری کا شکار ہو گئے ہیں، شہر کے فلٹر پلانٹ آراو پلانٹ بھی غیر فعال ہیں ہم نے مسلسل پبلک ہیلتھ انتظامیہ کے خلاف مظاہرے کیے ہیں مگر تاحال کوئی بھی تدارک نہیں ہوا آج پہر ہم نے تین روزہ احتجاجی کیمپ قائم کیا ہے اور ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ سہون شہر میں پینے کا پانی فراہم کیا جائے اور شہر کے سارے گلی محلوں میں ٹوٹی پھوٹی پائپ لائنوں کو تبدیل کر کے شہریوں کو اذیت سے نکالا جائے RO پلانٹس فلٹر پلانٹس بحال کیے جائیں اور پبلک ہیلتھ کی نااہل کرپٹ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔