مفلوج نکاسی نظام نے شہریوں کی زندگی عذاب بنادی ،جاوید میمن

224

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر، ایس ڈی اے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن کی جانب سے سندھی ثقافتی دن کے موقع پر بے نظیر پارک نزد ایکسائز آفس ایوب گیٹ سکھر میں پروقار ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے ایس ڈی اے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن، غلام مصطفی پھلپوٹو،ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری سندر چاچڑ، میر مہر، آغا طاہر مغل، بچل مہر،علامہ نور احمد قاسمی، امداد پھلپوٹو، ساحل جوگی، عبدالحمید شیخ، فرید سومرواور مولانا صادق سومرو و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھی ٹوپی اور اجرک کا پہناوا امن، محبت، رواداری اور ملنساری کی علامت ہے۔ سندھ میں بسنے والے چاہے وہ کوئی بھی زبان بولتے ہیں سب سندھی ہیں، سندھ دھرتی پیار محبت، امن ، بھائی چارے کی سر زمین ہے یہاں صوفیائے کرام، بزرگان دین نے امن سلامتی ، خوشحالی بھائی چارے اور ایک دوسرے کے ساتھ پیار و محبت کا درس دیا ہے، ایس ڈی اے کی جانب سے جہاں پر شہری مسائل کے حل کیلیے بھرپور انداز سے آواز بلند کی جاتی ہے وہیں پر قومی و ثقافتی دنوں کو بھی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سندھ کا تیسرا بڑا شہر بالخصوص سکھر اور اس کے اطراف کے علاقوں کی حالت زار انتہائی خراب ہوچکی ہے، پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی، صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، مفلوج نکاسی نظام، صحت و تعلیم سمیت بنیادی سہولیات کی عدم فراہم کے باعث شہریوں کی زندگی عذاب بن چکی ہے۔سندھ میں بیشتر اسکول بھینسوں کے باڑوں اور جانوروں کے اصطبل میں تبدیل ہوچکے ہیں وہاں کے اساتذہ گھروں پر بیٹھ کر تنخواہیں وصول کرتے ہیں اور جہاں پر اسکولز میں بچے زیر تعلیم نہیں وہاں پر اساتذہ کی کمی ہے جوکہ ایک بہت بڑا المیہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگوں کو اپنے حقوق کی حاصلات کیلیے خود آگے بڑھنا ہوگا اور وہ اپنے ووٹ کے درست استعمال سے اپنے مسائل حل کراسکتے ہیں، اس سلسلے میں گلی محلوں اور نچلی سطح کے لوگوں کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ یہاں پر بہتر تعلیم، صحت کی سہولیات، پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت عوامی مسائل بہتر انداز سے حل ہوسکیں۔ حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ آج ہمیں ثقافتی دن پر یہ عہد کرنا پڑیگا کہ ہمیں آپس کے اختلافات، نفرتوں کو ختم کر کے پیار و محبت کے پیغام کو عام کریں اور سندھ کی ترقی اور خوشحالی کیلیے ہر شخص کو آگے بڑھ کر مخلصانہ جدوجہد کریں تاکہ اپنے آنے والی نسلوں کو بہتر تعلیم و تربیت فراہم کر کے سندھ کو بھی ترقی کی جانب گامزن کیا جاسکے۔ تقریب میں سکھر کی سیاسی، سماجی، مذہبی، قوم پرست، صحافتی، تاجر تنظیموں کے رہنمائوں حافظ محمد شریف ڈاڈا، بابو فاروقی، رشید رضا، ظہیر حسین بھٹی، عارف گھمرو، طارق گھمرو، صدیق مہر، شاہ محمد انڈھڑ، محمد رضوان قادری، محمد منیر میمن، جاوید گھنیو، ڈاڈو ابڑو، نعیم بلوچ، طارق میرانی، فقیر رمضان کورائی، اسلام نور، حاجی محمد علی، عبدالقادر، انیس خان، ریاض بھیو، اشرف میمن، ڈاکٹر سعید اعوان،شفیق الرحمن قریشی، لالہ محب، فخرالدین عباسی، سید عمران شاہ، جمیل احمد مغل،جاوید مہر، سعید احمد، خالد،محمد اکرم، کیلاش، محمد فیضان، ناظم، محمد جاوید، غلام اکبر جاگیرانی، اسدا للہ چنہ، گل حسن گوپانگ، ایا زعلی ابڑواور عرفان بلوچ سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں آئے ہوئے مہمانوں کو سندھ کا روایتی تحفہ سندھی ٹوپی اور اجرکیںبھی پیش کی گئیں۔