بھارت : گستاخ وسیم رضوی نے ہندومت اختیار کرلیا

494
بھارت: ملعون وسیم رضوی ہندومت اختیار کررہا ہے

 

لکھنؤ (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں وسیم رضوی مذہب تبدیل کرکے ہندو ہوگیا۔ اسے توہین مذہب اور گستاخی کا مرتکب ہونے پر دائرہ اسلام سے خارج کردیا گیا تھا۔ اتر پردیش شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی نے غازی آباد کے ایک مندر میں اپنے ہندو دوست نار سنگھ آنند سروسوتی کے ہاتھوں ہندو مذہب اختیار کیا اور اس کا نیا نام جتندر نارائن سنگھ تیاگی ہوگا۔ ہندو مذہب میں شمولیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جتندر تیاگی نے کہا کہ مجھے اسلام سے خارج کردیا گیا تھا،جس کے بعد میں نے اسلام کو چھوڑ دیا۔ ادھر آل انڈیا ہندو مہاسبھا کے مرکزی صدر چکراپانی مہاراج نے اپنے بیان میں کہا کہ جتندر نارائن سنگھ تیاگی کے سناتن دھرم میں آنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ اب وہ ہمارے دھرم کا حصہ ہیں۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ اسے مناسب سیکورٹی فراہم کریں۔ یاد رہے کہ جتندر تیاگی نے قرآن کی 26 آیات پر اعتراض اٹھایا تھا اور سپریم کورٹ سے درخواست کی تھی کہ انہیں قرآن سے حذف کرا دیا جائے، تاہم بھارتی سپریم کورٹ نے یہ درخواست مسترد کرکے اسے رسوا کردیا تھا۔ اس نے ایک کتاب بھی لکھی تھی، جو توہین رسالت کے زمرے میں آتی ہے۔جتندر تیاگی کا دعویٰ ہے کہ اسے کتاب لکھنے اور آیات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کے بعد دھمکیاں مل رہی تھیں۔ اس حوالے سے اس نے ایک وڈیو بھی ریکارڈ کی تھی، جس میں اس نے کہا تھا کہ بھارت کے اندر اور باہر مجھے مارنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ اس نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر میں مر جاؤں تو میری لاش میرے ہندو دوست نارسنگھ آنند سروسوتی کے سپرد کی جائے اور وہی میری چتا جلائے گا۔