اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شہید

414
مقبوضہ بیت المقدس: قابض صہیونی پولیس نے عمر رسیدہ فلسطینی نمازی کو مسجد اقصیٰ کے بابِ سلسلہ پر داخلے سے روک رکھا ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں ایک اور فلسطینی شہید ہو گیا۔ اسرائیلی فوج نے بیت المقدس میں باب العامود کے مقام پر ایک فلسطینی شہری کو گولی مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے ایک نہتے فلسطینی نوجوان نے وحشیانہ طریقے سے حملہ کیا اور باب العامود میں کئی فلسطینیوں کا تعاقب کیا گیا۔ مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے فلسطینی نوجوان کو اس وقت گولی ماری جب وہ فوجیوں کے لیے خطرہ نہیں تھا۔ قابض فوج نے زخمی فلسطینی کو کسی قسم کی طبی امداد کی فراہمی کی بھی اجازت نہیں دی جس کے باعث وہ دم توڑ گیا۔مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ شہید ہونے والے فلسطینی نوجوان کی شناخت 25 سالہ محمد شوکت محمد سلیمہ کے نام سے کی گئی ہے۔ اس کا تعلق غرب اردن کے شمالی شہر سلفیت سے بتایا جاتا ہے۔ دوسری جانب نومبر میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور یہودی آباد کاروں کے حملوں میں 4 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے، جب کہ فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں کے نتیجے میں ایک غاصب صہیونی ہلاک اور 27 زخمی ہوئے۔ نومبر میں فلسطینیوں نے 594 مزاحمتی کارروائیاں کیں۔