ایرانی صدر سے اماراتی مشیرقومی سلامتی کی ملاقات

326
تہران: صدر ابراہیم رئیسی سے طحنون بن زاید النہیان ملاقات کررہے ہیں

 

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے مشیر برائے قومی سلامتی شیخ طحنون بن زاید النہیان نے ایرانی دارالحکومت تہران میں صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ہے۔امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے وام کی رپورٹ کے مطابق ابراہیم رئیسی اور شیخ طحنون نے پیر کے روز دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کے امکانات اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔شیخ طحنون نے اپنے ایرانی ہم منصب علی شمخانی سے بھی ملاقات کی۔ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل کا کہنا ہے کہ شیخ طحنون کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا اور تازہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہے۔ انہوں نے تہران کا یہ دورہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ویانا میں مذاکرات کے چند روز بعد کیا ہے۔ویانا مذاکرات کا مقصد2015ء میں ایران اور 6 عالمی طاقتوں کے درمیان طے شدہ جوہری سمجھوتے کی بحالی ہے۔گزشتہ ماہ ایران کے نائب وزیرخارجہ اور اعلیٰ جوہری مذاکرات کارعلی باقری کانی نے ابوظبی میں متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی تھی۔