ممبئی ٹیسٹ، بھارت نے نیوزی لینڈ کو 372 رنز سے ہرا دیا

304

ممبئی (جسارت نیوز):بھارت نے نیوزی لینڈ کو دوسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں بڑے مارجن372رنز سے شکست دیکر2 میچوں کی سیریز 1-0سے جیت لی۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ ہارجیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔ بھارتی بولرز کی عمدہ بولنگ کی بدولت کیوی ٹیم 540 رنز ہدف کے تعاقب میں 167رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی بھارتی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور خزاں رساں پتوں کی طرح پویلین لوٹتی چلی گئی، ڈیرل مچل 60 اور ہنری نکولس44رنز بناسکے ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکا ، کیوی ٹیم کے سات کھلاڑی دہراہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ بھارت کی طرف سے دوسری اننگز میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے روی چندرن ایشون اور جیانت یادیو نے4,4جبکہ اکسر پٹیل نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ میانک اگروال کو میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ جبکہ روی چندرن ایشون کو عمدہ بولنگ پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پیر کو وانکھیڈے اسٹیڈیم، ممبئی میں ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری ادھوری اننگز140رنز 5کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ہنری نکولس 36اور راچن راویندرا2 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔