گیس کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست کو فوری رد کیا جائے ، زبیر موتی والا

277

 

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین بزنس مین گروپ( بی ایم جی) و سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( کے سی سی آئی) زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا یہ مناسب وقت نہیں ہے لہٰذا گیس کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست کو فوری طور پر رد کیا جائے جبکہ ایس ایس جی سی کو گیس کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست کرنے کے بجائے اپنے ریونیو میں کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے قابل عمل آئیڈیاز کے ساتھ آنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ صنعتیں پہلے ہی شدید بحرانوں سے گزر رہی ہیں اور اب بحالی کی طرف آرہی ہیں کیونکہ انہوں نے نئی مشینری لگا کر اپنی پیداوار کو بہتر بنانے کے لیے بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے۔اس لیے گیس کی قیمتوں میں کوئی بھی اضافہ کم از کم چھ ماہ کے لیے مؤخر کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو مقامی ہوٹل میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے زیر اہتمام عوامی سماعت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔زبیر موتی والا نے کہاکہ ایک طرف حکومت صنعتکاری اور درآمدات کے متبادل کے لیے حوصلہ افزائی کررہی ہے اور مشینری کی درآمد پر ایک فیصد مارک اپ پرقرضے بھی فراہم کرتی ہے لیکن جب گیس ہی نہیں ہوگی تو صنعتیں ان تمام مشینری کو کیسے چلائیں گی۔ سائٹ ایریا میں 11 نومبر سے صنعتیں گیس سے محروم ہیں اور دوسرے صنعتی علاقوں میں بھی صورتحال کچھ ایسی ہی یا پھر اس سے بھی بدتر ہو گی ۔انہوں نے نشاندہی کی کہ گزشتہ سالوں میں سندھ کے گیس وسائل سے مجموعی طور پر 211 ایم ایم سی ایف ڈی گیس غلطی سے ایس این جی پی ایل کو دی گئی جو اب 180ایم ایم سی ایف تک کم ہو چکی ہے جسے اب سندھ کو واپس کیا جائے جو ملک کی 76 فیصد گیس پیدا کرنے کے باوجود محروم ہے۔انہوں نے بتایا کہ 54 فیصد برآمدات کراچی سے ہو رہی ہیں جو کہ 68 فیصد ریونیو کا حصہ دار ہے اور حال ہی میں صنعتوں کی جانب سے نئی مشینری کی تنصیب پر 3.5 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔