پاکستان اسٹاک کے سرمائے میں 4ارب سے زائد کا اضافہ

179

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری اتار چڑھائو کے بعد محدود پیمانے پر تیزی رہی ،کے ایس ای100انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران 43500پوائنٹس کی حد کو چھونے کے بعد 43200پوائنٹس کی سطح پر واپس آگیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 4ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم 55.73 فیصد حصص کی قیمتیں گھٹ گئیں ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا ،مقامی بروکریج ہائوسز او ر سرمایہ کاروں کی جانب سے سے ٹیلی کام ،فوڈز ،پیٹرولیم ،توانائی سمیت دیگر شعبوں میں خریداری کے باعث ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 43300، 43400 اور 43500 پوائنٹس کی تین حد یں عبور کر گیا تھا تاہم کم قیمت حصص کی فروخت کے دبائو کے سبب انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 42973پوائنٹس کی پست سطح پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروباری اتار چڑھائو کے بعد محدود پیمانے پر تیزی ریکارڈ کی گئی اور پیر کو کے ایس ای 100انڈیکس میں47.94 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔