ایم کیو ایم نفرت انگیز اور تعصب پر مبنی باتیں کررہی ہے، سعید غنی

267

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ احتجاج کرنا، پُرامن احتجاج، حکومت کے خلاف تنقید کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے۔ ایم کیو ایم ماضی کی روایتوں کو دہراتے ہوئے نفرت انگیز اور تعصب پر مبنی باتیں کررہی ہے۔ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ایم کیو ایم والے اپنے ہوش و حواس میں نہیں ہیں اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔وسیم اختر کی جانب سے جس طرح کی زبان استعمال کی گئی اور جس طرح وزیر اعلیٰ سندھ اور سندھ کے لوگوں کے لیے جو الفاظ استعمال کیے گئے وہ نامناسب ہیں۔ ہم بلدیاتی نظام کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں تاکہ نچلی سطح تک اختیارات منتقل ہوسکیں۔ پیر کے روز جاری اپنے وڈیو بیان میں سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم نفرت انگیز اور تعصب پر مبنی باتیں کررہی ہے اور ان تعصب پر مبنی باتوں کا نقصان سندھ اور سندھ کے رہنے والوں بالخصوص کراچی کے لوگوں کو ہوگا۔ ایم کیو ایم کی جانب سے جس طرح کی زبان آج استعمال کی جارہی ہے اس سے الطاف حسین کی سیاسی سوچ کی بدبو آرہی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ایک بار پھر اردو بولنے والوں کو ڈرایا جارہا ہے تاکہ وہ ان کو دوبارہ اپنی سیاسی چھتری تلے لاسکیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم دوبارہ اسی راستے پر چل پڑی ہے کہ وہ کسی طرح صوبوں میں رہنے والوں کے خلاف نفرتیں پیدا کرے اور ایک بار پھر اس صوبے اور شہر کراچی میں جھگڑے، فسادات اور غلط فہمیاں پیدا کرکے اپنی سیاست چمکانا چاہتی ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔