کراچی اور سپرہائی وے پر 2مبینہ پولیس مقابلوں میں 2ڈاکو ہلاک

200

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیوکراچی اور سپرہائی وے پر ہونے والے 2مبینہ پولیس مقابلوں میں 2ڈاکو ہلاک اور3زخمی حالت میں گرفتار ہوگئے ، مارے جانے والے ڈکیتی اور رہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں،تفصیلات کے مطابق پیرکی صبح نیو کراچی سیکٹر 11جی منگل بازار کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک موٹرسائیکل پر سوار 2افراد جاںبحق ہوگئے جب کہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ۔پولیس کے مطابق نیوکراچی سیکٹر 11جی منگل بازارکے قریب پولیس نے 3 موٹرسائیکلوں پر سوار7 مشتبہ ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرا رہونے کی کوشش کی پولیس کی جوابی فائرنگ سے2 ملزمان موقع پر ہلاک جب کہ ایک زخمی ہوگیا،تاہم ان کے 4ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک اور مفرور ملزمان کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا ہے، ملزمان نے علاقے کے مختلف گھروں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے ،جن کوعلاقہ مکینوں نے شناخت کرلیا،گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے ،سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے سپر ہائی وے پر چاکر ہوٹل چاند بنگلا کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد4ڈاکوئوں کوگرفتار کرلیا، مقابلے میں 2ڈاکو زخمی بھی ہوئے۔